وزیر اعظم تاجر برادری کیلئے اچھا سوچتے ہیں، بلاول بھٹو

لاہور: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی بزنس کمیونٹی کو سہولیات فراہم کرنے کی حامی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف تاجر برادری کے لیے اچھا سوچتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایف پی سی سی آئی میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ پیپلز پارٹی اور تاجر برادری کا تاریخی ساتھ ہے۔ مگر اکثر تاریخ کو غلط انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کی تجاویز کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ اور مسائل کے حل کے لیے ہر سطح پر تعاون فراہم کریں گے۔

سی پیک سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک کی بنیاد پیپلز پارٹی نے رکھی۔ جبکہ بطور وزیر خارجہ انہوں نے چین کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط کیے۔

بلاول بھٹو نے دعویٰ کیا کہ یورپ کے ساتھ تجارت بڑھانے کی کوششوں سے پاکستان کی یورپ کو برآمدات میں 60 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ٹیکس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد صوبوں نے سیلز ٹیکس آن سروسز کی وصولی بہتر طریقے سے کی۔ اور سندھ نے سب سے زیادہ ٹیکس جمع کیا۔ جبکہ دیگر صوبے بھی وفاق سے بہتر رہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ٹیکس نظام میں موجود 30 کھرب روپے کی لیکج ختم کرنا ضروری ہے۔ اور ملک میں ٹیکس نیٹ میں اضافہ ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت ڈنڈے کے زور پر نہیں چلتی۔ اور ڈی سینٹرلائزیشن کے ذریعے معاشی نظام کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔

توانائی کے شعبے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے قومی گرڈ میں سستی بجلی کے منصوبے دیئے۔ جبکہ پارٹی کے منشور میں غریب طبقے کو 200 یونٹ تک مفت بجلی دینا شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 15 فروری کو کرانے کا اعلان

بلاول بھٹو نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اچھا سوچتے ہیں۔ اگر صوبے ٹیکس کے ہدف سے کم رہیں تو وفاق ان کے فنڈز کم کرے۔ لیکن بہتر کارکردگی پر صوبوں کو مزید وسائل فراہم کیے جائیں۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top